خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں مہمند میں فرنٹیئر کور ہیڈکوارٹر پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 ستمبر کو صبح سویرے 4 خوارجیوں نے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی، سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مؤثر طریقے سے حملہ ناکام بنا دیا۔ چاروں خودکش بمباروں کو نقصان پہنچانے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ خوارج کی موجودگی پر سرچ آپریشن جاری ہے، دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لیے پاکستانی فورسز کا عزم و حوصلے بلند ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع پشین میں محکمہ انسداد دہشتگردی نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پشین کے علاقے سرخاب مہاجر کیمپ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا ۔ اس دوران فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فورسز کی جوابی فائرنگ کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے فرنٹیئر کور ہیڈکوارٹر پر حملے کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کیمپ پر حملہ آور ہونے والے چار خود کش خارجیوں کو جہنم واصل کیا، مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے افسران و جوان فتنہ الخواج کے دہشتگردوں سے پاکستان کی مٹی کو پاک کرنے کیلئے مصروف عمل ہیں، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔