ملک بھر کے فری اکنامک زونز کو فعال کرنے کیلئے مربوط منصوبہ بندی پر عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کراچی میں بن قاسم انڈسٹریل پارک اور فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی پائلٹ پراجیکٹ کی تجویز سامنے آئی۔
اجلاس میں طے پایا کہ تمام فری انڈسٹریل زونز میں کام کی رفتار اور انڈسٹریلائزیشن کا عمل تیز کیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ مختلف شہروں میں 26 فری اکنامک زونز میں تیزی سے صنعتی ترقی ہو سکتی ہے، جہاں تاخیر ہو رہی ہے وہاں متعلقہ محکموں کو فوری متحرک ہونا چاہیے، صنعتی ترقی کے لئے ہمیں صرف باتیں نہیں، عملی اور ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے ۔
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کو خصوصی اقتصادی زونز کیلئے تیزی سے محکمانہ اصلاحات لانے کی بھی ہدایت کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈسٹریل زونز سے منسلک دیگر محکموں کیلئے بھی فوری اقدامات اور ایکشن پلان کی نشاندہی کریں، صرف رفتار تیز نہیں بلکہ بورڈ آف انویسٹمنٹ ایک ماہ میں عملی نتائج دے۔