سپارکو نے شوال کے چاند سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے کہاہے کہ 19 مارچ کو شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے جس کے باعث عیدالفطر ممکنہ طور پر 21 مارچ کو ہو گی ، دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے 19 مارچ کو چاند دیکھنے کیلئے اجلاس طلب کر لیاہے۔
سپارکوکے مطابق شوال 1447 ھ کا نیا چاند 19 مارچ کو صبح 6:23 بجے پیدا ہو گا، 19مارچ کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمرتقریباً 12 گھنٹے41 منٹ ہوگی،ساحلی علاقوں میں سورج اورچاند کے غروب کےدرمیان تقریباً 28 منٹ کا فرق متوقع ہے، 19 مارچ کی شام شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، متوقع طور پر یکم شوال 1447ھ ہفتہ21 مارچ 2026 کو ہو گی، پاکستان میں عیدالفطر21 مارچ کو ہونے کا امکان ہے، شوال کے چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی۔
دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس 19 مارچ کو اسلام آباد میں طلب کر لیاہے، اجلاس چیئرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں ہوگا، اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علما، متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے، عید کب ہوگی؟ فیصلہ 19 مارچ کے اجلاس شہادتوں کی جانچ کے بعد ہوگا۔




















