وفاقی وزیرنجکاری بورڈ،سرمایہ کاری ومواصلات عبدالعلیم خان نے ملک بھر میں جی ٹی روڈ پر موٹر ویز کی طرح ایکسل لوڈ کی پابندی پر عملدرآمدیقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
ایف ڈبلیواو اور این ایچ اے کے مشترکہ محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے بھاری گاڑیوں کیلئے جی ٹی روڈ پر بھی وزن کرنے والے'' ویٹ اسٹیشن'' قائم کرنے کی ہدایت بھی کی، کہا تیزرفتاری، سیٹ بیلٹ اور موبائل فون جیسی خلاف ورزیوں پر'' ای چالان'' یقینی بنائیں۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے درمیان مربوط باہمی پالیسیوں پر عملدرآمد کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا قومی شاہراہوں پر کیمروں کی سرویلنس کے ذریعے حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔ این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او قوانین و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کریں، یہ قومی املاک کا معاملہ ہےایکسل لوڈ کی پابندی پر کوئی دباؤ یا سفارش نہ مانی جائے۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ ہمیں موٹرویزاورنئی شاہراہوں کو ملک کے مستقبل کی ضروریات سامنے رکھتے ہوئے تعمیر کرنا ہوگا وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے سیالکوٹ سے کھاریاں اور اسلام آباد کی موٹروے کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔ وفاقی وزیر موٹر وے کو دو طرفہ اور 6 لین میں تعمیر کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔