ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی حکومتی اقدامات سے ناراضی ظاہر کرتے ہوئے تین حکومتی کمیٹیوں سے مستعفی ہوگئے۔
ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کفایت شعاری کمیٹی، رائٹ سائزنگ کمیٹی اور حکومتی اخراجات میں کمی کی کمیٹی کی رکنیت سےاستعفٰی دے دیا ہے۔
ڈاکٹر قیصر بنگالی کے مطابق انہوں نے استعفی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سیکریٹری کابینہ کوبھیج دیا ہے۔
اُن کا مؤقف تھا کہ تینوں حکومتی کمیٹیاں اہم ہیں ، کمیٹیوں نے حکومتی اخراجات کم کرنے کیلئے سترہ ڈویژن اور پچاس سرکاری محکمے بند کرنے سمیت مختلف تجاویز دیں، مگر حکومت تینوں کمیٹیوں کی تجاویز کے خلاف اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسران کی بجائے چھوٹے ملازمین کو نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے جبکہ گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کی نوکریوں کو بچایا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بڑے افسران کو ہٹایا جائے تو سالانہ 30 ارب کے اخراجات کم ہوں گے۔