علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2024 کے دوسرے مرحلہ کے لئے داخلوں کا اعلان کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق تعلیمی پروگراموں میں ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس (بی اے جنرل)، ایسوسی ایٹ ڈگری اِن کامرس (بی کام)، ایسوسی ایٹ ڈگری ان ایجوکیشن (اے ڈی ای)، بی بی اے، بی ایس (او ڈی ایل) پروگرامز، ڈیڑھ، اڑھائی، چار سالہ بی ایڈ پروگرامز، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز اور سرٹیفکیٹ کورسز شامل ہیں۔ تمام پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈائریکٹر شعبہ داخلہ سید ضیاء الحسنین نے کہا ہے کہ ا یسوسی ایٹ ڈگری (بی اے/بی کام) اور بی ایڈ پروگراموں کے فارم یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر اور ملک بھر میں قائم کردہ سیل پوائنٹس پر بھی فراہم کر دئیے گئے ہیں۔داخلوں کی آخری تاریخ 15 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔داخلوں کے بارے میں مزید معلومات یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر سے یا یونیورسٹی کے ہیلپ لائن 468-112-111-051 پر کال کر کے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ملک بھر میں قائم یونیورسٹی کے تمام علاقائی دفاتر کے ناظمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ داخلہ کے خواہشمند طلبہ کی راہنمائی کریں اورانہیں ہر ممکن سپورٹ فراہم کریں۔ جن امیدواروں کے پاس کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سہولتیں نہیں ہیں، انہیں دفاتر میں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے استعمال کی مفت سہولت فراہم کریں تاکہ وہ باآسانی داخلہ کے لئے اپلائی کر سکیں۔