تحریک انصاف نے مذاکرات کےلیے حکومتی کمیٹی کی تشکیل کا خیرمقدم کیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہماری طرف سے مذاکات کا اختیار محمود اچکزئی کو دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی کی تشکیل سے لاعلم نکلی۔ سماء سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومتی کمیٹی کی تشکیل کے بارے میں کسی نے نہیں بتایا تاہم بات چیت کیلئے حکومتی کمیٹی کی تشکیل اچھی بات ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہماری طرف سے اختیار محمود اچکزئی کو دیا گیا ہے، محمود اچکزئی کے حکومت سے مذاکرات کرنے پراعتراض نہیں، محمود اچکزئی بات چیت کر کے تجاویز لاتے ہیں توغور کریں گے، محمود اچکزئی سے مذاکرات کب اور کس بنیاد پر کرنے ہیں یا حکومت کی صوابدید ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے بالواسطہ بات چیت کیلئے مسلم لیگ ن محمود خان اچکزئی سے رابطے میں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نون لیگ کے سینئر رہنما نے محمود اچکزئی سے بات کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے تاہم، نون لیگ کا اصرار ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ اس کے اور اس کی اتحادی جماعتوں کے مذاکرات براہِ راست ہوں، کہا جاتا ہے کہ بالواسطہ بات چیت فضول مشق ہوگی۔
اگر پی ٹی آئی کو لگتا ہے کہ اس کے حامی اور ووٹرز پی ٹی آئی کے نون لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے مذاکرات کی حمایت نہیں کریں گے تو ایسی صورت میں نون لیگ نے مبینہ طور پر اچکزئی کے توسط سے پی ٹی آئی کو براہِ راست لیکن پس پردہ مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔