بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کو ایک بار پھر قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ کنگ خان کی دو فلموں پٹھان اور جوان نے مجموعی طور پر دنیا بھر میں دو ہزار کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ نے رواں سال دو سپر ہٹ فلمیں پٹھان اور جوان دیں جس کے بعد نامعلوم افراد کی جانب سے بالی ووڈ کنگ خان کو قتل کے دھمکی آمیز پیغامات مسلسل موصول ہورہے ہیں۔
قتل کی مسلسل دھمکیوں کے پیش نظر بھارتی ریاست مہاراشٹر کی حکومت نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو وائے پلس کیٹیگری کی سیکیورٹی فراہم کردی۔
رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر کا وی آئی پی سیکیورٹی یونٹ ہر وقت شاہ رخ کے ساتھ رہے گا، اس یونٹ میں 6 پرسنل سیکیورٹی افسران اور 5 مسلح گارڈز شامل ہیں، ساتھ ہی ممبئی میں شاہ رخ خان کے گھر منت کی سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے، ممبئی پولیس کے 4 اہلکار 24 گھنٹے اداکار کے گھر کی حفاظت پر مامور رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کے ساتھ اس سے قبل 2 مسلح گارڈز ہوتے تھے، شاہ رخ کے علاوہ اداکار سلمان خان کو بھی وائی پلس سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال شاہ رخ خان کیلئے خاصہ اچھا ثابت ہوا، کچھ ماہ قبل ریلیز ہونیوالی یش راج فلمز کی پٹھان نے پوری دنیا میں کامیابی سے بزنس کرتے ہوئے 1050 کروڑ کا مجموعی بزنس کیا جبکہ فلم جوان اب تک دنیا بھرمیں 1090 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے۔