سندھ کے عوام کو سستی بجلی دینے کے مشن کے سلسلے میں مستحقین میں سولر پینلز کی تقسیم کا آغاز ہوگیا ۔
جمعرات کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوم سولر سسٹم منصوبے کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مستحقین میں سولر پینل تقسیم کیے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبہ سندھ ملک کا انرجی باسکٹ ہے جبکہ وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ سولر پارک مکمل ہونے کے بعد تمام ڈسکوز کو بھی بجلی فراہم کریں گے ۔
منصوبے کے تحت صوبائی حکومت 2 لاکھ خاندانوں کو سولر ہوم سسٹم فراہم کرے گی جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت خاندانوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں سندھ کے 50 ہزار خاندانوں کو سولرسسٹم دیا جائے گا۔
سندھ کے ہر ضلع میں 6665 خاندانوں کو سولر سسٹم دیا جائے گا جبکہ سندھ سولر ہوم پروگرام کی مجموعی لاگت 32 ملین ڈالر ہے۔