اے این ایف نے تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کی جنگ میں بڑی کامیابی حاصل کرلی، کراچی کے علاقے لانڈھی میں اِنسانی حقوق کی آڑ میں منشیات جیسے مکروہ دھندے میں ملوث این جی او بے نقاب ہوگئی۔خاتون سمیت تین ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔
اے این ایف حکام کے مطابق انتہائی مہارت اور ٹیکنیکل بنیادوں پر ایک مضبوط گروہ کا سرغنہ دوساتھیوں سمیت گرفتارکیا گیا،ملزمان نے کراچی کی معروف یونیورسٹیوں اور ہاسٹلز میں طلباء کو منشیات اسمگلنگ کا اعتراف کیا ہے۔
گروہ خاتون کے ذریعے کراچی،حیدرآباد اور اس کے ملحقہ علاقوں میں طلباء کو منشیات فروشی کرتا تھا،اے این ایف نے خفیہ اطلاع کے ذریعے ڈرگ کیرئیر خاتون کو ٹنڈو آدم سے کراچی پہنچتے ہی منشیات سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزمہ کی نشاندہی پر دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق ملزمہ سے 400 گرام اور ایک ملزم سے 500 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی،دونوں ملزمان سے تفتیش کے نتیجے میں گروہ کے سرغنہ کو غیر قانونی اسلحہ اور منشیات سمیت گرفتار کیا گیا۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران مختلف پریس کارڈز،پریس مونو گرام، جعلی نمبر پلیٹیں بھی برآمد ہوئیں۔
دورانِ تفتیش ملزمان نے حیدرآباد میں بھی منشیات اسمگلنگ کا اعتراف کیا ہے،حکام کے مطابق ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں،ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات آغاز کر دیا گیا ہے۔