سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات میں صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کی حفاظت سے متعلق ترمیمی بل ترامیم کے ساتھ منظور کرلیا گیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین علی ظفر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کا ترمیمی بل ترامیم کے ساتھ منظور کرلیا گیا۔
کمیٹی چیئرمین بیرسٹر علی ظفرنے کہا تحقیقات میں کوتاہی پر کسی افسر کو سزا نہیں دی جاسکتی، یہ مجوزہ بل فوجداری قوانین کے بھی خلاف ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا قتل کے مقدمے کی تحقیقات میں کوتاہی پر بھی کوئی قانونی شق موجود نہیں۔
کمیٹی چیئرمین اور وزارت قانون و انصاف نے صحافیوں کے مقدمات چلانے کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام کی بھی مخالفت کی۔
چیئرمین علی ظفر نے کہا بل کے مطابق حکومت نوٹیفیکیشن کے ذریعے پراسیکیوٹر لگا سکے گی جبکہ عطا تارڑ نے کمیٹی کو بتایا کہ اسلام آباد میں پراسیکیوشن کا محکمہ بنایا جا رہا ہے ۔
کمیٹی نے ترمیمی بل سے عالمی فنڈنگ کی اجازت کی شق بھی ختم کر دی اور پنجاب کے ہتک عزت قانون پر اسلام آباد سمیت تمام صوبوں کےایڈووکیٹ جنرلز کو طلب بھی کرلیا ہے۔