پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف ) نے 3 کھلاڑیوں اور فزیو پر تاحیات پابندی عائد کردی۔
سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد کے مطابق مرتضیٰ یعقوب ، احتشام اسلم ،عبدالرحمان اور فزیو وقاص پر پابندی لگائی گئی ہے۔
رانا مجاہد نے بتایا کہ تینوں کھلاڑی اور فزیو بتائے بغیر بیرون ملک گئے اور بیرون ملک سیاسی پناہ کی درخواست دی جس کے باعث ان پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے ٹیم کے ساتھ پاکستان واپس آنے کے ثبوت موجود ہیں، وہ بعد میں باہر چلے گئے ، ٹیم کے ساتھ انہوں نے پولینڈ اور ہالینڈ کا دورہ کیا تھا اور نیشنز کپ کے لیے گئے تھے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ کینسل کرانے کے لئے وزارت داخلہ کو لکھیں گے اور ڈیپارٹمنٹس کو بھی اس حوالے سے لکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تینوں کھلاڑی اور فزیو کس ملک گئے ہیں اس کا علم نہیں ہے ، ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے باہر جانے کی تصدیق کی ہے ، ہم نے انہیں کیمپ کے لئے بھی بلایا لیکن ہمارے ساتھ انہوں نے جھوٹ بولا کہ وہ فیملی مصروفیت کی وجہ سے کیمپ میں نہیں آ سکتے ۔