لاہورکی احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی ۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے ریفرنس پر سماعت کی دوران سماعت پرویز الہٰی کے وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹرز نے پرویز الہٰی کو چار ہفتوں کی بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا ہے، عدالت ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے ۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب انکوائری کی دستاویزات دینے کی اپیل پر ہائیکورٹ کے فیصلے کی تصدیق شدہ کاپیاں کل ملی ہیں ابھی اس پر مشاورت کرنی ہے کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنا ہے یا نہیں۔ عدالت نے سماعت دس ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے پرویز الہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔