ڈاکوؤں کی سرپرستی پر برطرف وفاقی پولیس اہلکاروں سے متعلق نئے انکشاف سامنے آ گئے ہیں، برطرف پولیس اہلکاروں نے ڈاکوؤں سے برآمد ڈیڑھ کروڑ روپے نقد ی اور دو کلو سونا غائب کر دیا۔
ذرائع کے مطابق چار ڈاکو واہ کینٹ میں اہم شخصیت کے گھر ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ موٹروے چوک پر تھانہ نون پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔ پولیس نے ملزمان سے ڈیڑھ کروڑ نقدی اور دو کلو سونا برآمد کیا مگر ملزمان کے خلاف صرف غیر قانونی اسلحہ کا مقدمہ درج کیا اور سونا اور نقدی غائب کر دیئے۔ واہ کینٹ پولیس نے بعد میں ڈکیتوں کو گرفتار کیا تو دوران تفتیش انہوں نے سارا بھانڈا پھوڑ دیا۔ پنجاب پولیس کی درخواست پر آئی جی اسلام آباد نے انکوائری کرائی جس میں الزام ثابت ہونے پر ایس ایچ او عاصم غفار سمیت پانچ اہلکاروں کو برطرف کر دیا گیا۔ ڈیڑھ کروڑنقدی اور دو کلو سونا کہاں گیا۔ پنجاب پولیس تلاش کر رہی ہے۔ واہ کینٹ پولیس برطرف وفاقی پولیس اہلکاروں کو گرفتاربھی کر سکتی ہے۔