مہنگی بجلی اور ٹیکسز کے خلاف تاجروں کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کی کال پر آج مختلف شہروں میں مارکیٹیں بند ہیں۔
کراچی میں کاروباری سرگرمیوں کا پہیہ جام ہوگیا، تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کامیاب، تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند کردی گئیں۔ اولڈسٹی ایریا، لائٹ ہاؤس، جامع کلاتھ، اللہ والامارکیٹ، جوڑیا بازار میں تمام سرگرمیاں معطل ہیں۔
زینب مارکیٹ، حیدری، طارق روڈ، لالوکھیت، میڈیسن مارکیٹ، لیاقت آباد میں بھی دکانوں کو تالے۔ تاجر دوست اسکیم، مہنگی بجلی، آئی پی پیز معاہدوں اور ٹیکسوں کی بھرمار کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
لاہورمیں تاجروں کی ہڑتال کے باعث اردو بازار، اکبری منڈی، شاہ عالم مارکیٹ، اعظم مارکیٹ میں دکانوں کو تالے لگے ہیں۔ تاجربرادری کا کہنا ہے کہ ظالمانہ ٹیکسزختم کئے جائیں۔
ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی تاجروں کی شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے ۔ تاجر تنظیموں نے مطالبات منظور نہ ہونے پر دورانیہ بڑھانے کا بھی عندیہ دے دیا۔ ہڑتال میں ریسٹورنٹ، بیکرز ایسوسی ایشن بھی شامل ہیں، تاجروں کا کہنا ہے کہ مطالبات نہ مانے گئے تو ہڑتال جاری رہے گی۔
ایف بی آر کی تاجر دوست اسکیم، بجلی اور گیس بلوں میں اضافے کیخلاف پشاور میں بھی تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے ۔ رام پورہ،پیپل منڈی، قصہ خوانی ،خیبربازار،صدرسمیت بڑی مارکیٹیں، بازاربند ہیں۔ صوبے میں سیاسی جماعتوں نے بھی ہڑتال کی حمایت کی ہے
کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بھی تاجر برادری کی جانب سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے ۔ تمام کاروباری، تجارتی مراکز اور دکانیں بند ہیں ۔ تاجر رہنماوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ٹیکس کم اور آئی پی پیزکیساتھ معاہدوں کا جائزہ لیاجائے۔