قومی اسمبلی کا اجلاس کورم کی نذر ہو گیا۔ اپوزیشن رکن کی جانب سے کورم کی نشاندہی پر حکومت مطلوبہ ارکان کی تعداد پوری کرنے میں ناکام رہی ، اجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا گیا ۔ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی نوید قمر نے وفاقی وزیر مصدق ملک کی عدم موجودگی پر شدید تنقید کی ۔
قومی اسمبلی اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رکن نوید قمر نے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرنا تھا تاہم وزیر برائے آبی وسائل مصدق ملک ایوان میں موجود نہیں تھے،نوید قمر نے کہا اگر ممبران اجلاس میں ساڑھے 11 بجے موجود ہونے کے پابند ہیں تو وزراء کی بھی ڈیوٹی ہے کہ ایوان میں جواب دینے کے لئے موجود ہوں۔ ہمارے انہی رویوں کی وجہ سے پارلیمان کا وقار کم ہوتا ہے۔ اگر حکومت ہمیں سنجیدہ نہیں لے گی تو دنیا کیسے ہمیں سنجیدہ لے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آج سیشن کی وجہ سے کابینہ اجلاس کو ری شیڈیول کر کے دس بجے کیا گیا، وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق متعلقہ وزیر کو ایوان میں موجود ہونا چاہئیے تھا۔ اگر نوید قمر دس پندرہ منٹ کا وقت دیں تو میں پیغام بھیج کر وزیر کو بلوا لیتا ہوں ۔
اپوزیشن رکن اورنگزیب کھچی نے نکتہ اعتراض پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر کورم کی نشاندہی کر دی ۔ گنتی کرانے پر کورم پورا نہ نکلا اور اجلاس جمعہ تک ملتوی کر دیا گیا۔