بلوچستان کے علاقوں مستونگ اور نصیرآباد میں ایف سی کیمپ اور پولیس اسٹیشن کے قریب فائرنگ اور دستی بم حملے میں 3افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نصیرآباد کے پولیس تھانہ منجھوشوری کی حدود احمد شاہ کے قریب تین افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ڈیرہ مراد جمالی کی سیول ہسپتال پہنچا دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق لاشوں کے قریب سے ایک موٹر سائیکل اور پسٹل بھی برآمد ہوا ہے تاہم تینوں افراد کی شناخت نہ ہوسکی۔
دوسری جانب مستونگ: ایف سی کیمپ کے قریب نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، سیکیورٹی ذرائع دستی بم پھٹنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سفاک درندوں نے بلوچستان کے 3 مختلف واقعات میں 39 افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ موسیٰ خیل میں دہشتگردوں نے قومی شاہراہ پر پنجاب سے آنےوالی گاڑیوں کو روک کر مسافروں کو اتارا۔ شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد 23 افراد کو گولیاں ماردیں۔ تئیس گاڑیوں کو بھی جلا دیا۔ قلات میں شرپسندوں نے قبائلی شخصیت کے گھر پر حملہ کیا، ٹول پلازہ، ہوٹل، اسپتال پر بھی دھاوا بولا اور 10 افراد کی جان لے لی۔