وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے جائیں گے۔ تحقیقات کے بعد حقائق ثبوت کے ساتھ سامنے لائیں گے۔ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کو مستقل مانیٹر کیا جارہا ہے۔
بلوچستان میں دہشتگردی واقعات پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ تخریب کاری کے واقعات پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ہے، دشمن منصوبہ بندی کے تحت ملک میں انارکی پیدا کرنا چاہتا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی میں 12 دہشتگرد ہلاک ہوئے، بلوچستان میں قیام امن کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے جائیں گے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ بلوچستان حکومت سے رابطے میں ہوں،امن و امان کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کےشریک ہیں، کوئی اگر یہ سمجھے کہ وہ قوم کے غیرمتزل عزم کو شکست دے سکتا ہے تو یہ بھول ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
دوسری جانب گزشتہ رات بلوچستان کے مختلف علاقوں میں لیویز اور پولیس پر حملے کیے گئے۔ قلات میں قومی شاہراہ پر لیویز موبائل پر فائرنگ ہوئی۔ دو لیویز اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے حملے میں 23 مسافر اور 5 اہلکاروں سمیت 33 افراد جاں بحق ہو گئے بیلہ میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔