انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
لازمی پڑھیں۔ چیئرمین پی سی بی نے بنگلہ دیش کی جیت پر خصوصی پیغام جاری کر دیا
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے سکواد کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ فاطمہ ثنا ایونٹ میں پاکستان کی قیادت کریں گی۔
عالمی ایونٹ 3 سے 20 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) میں منعقد ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق 22 سالہ فاطمہ نے 41 ون ڈے انٹرنیشنل اور 40 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں اور وہ اس سے قبل پاکستان ایمرجنگ اور ڈومیسٹک ٹیموں کی قیادت کر چکی ہیں۔
فاطمہ ثناء نے دسمبر 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہیگلے اوول کے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی کپتانی کی تھی یہ میچ سپر اوور میں پاکستان کی شاندار جیت کی وجہ سے یاد رکھا جاتا ہے۔
پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ اے میں آسٹریلیا، سری لنکا ، بھارت اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ میچز کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔
دائیں ہاتھ کی بیٹر صدف شمس جو گزشتہ سال جنوبی افریقہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلی تھیں ٹیم میں نجیہہ علوی کی جگہ واپس آئی ہیں جبکہ نجیہہ علوی بطور ریزرو کھلاڑی ٹیم کے ساتھ سفر کریں گی ۔
2023 کے ایڈیشن سے دس کھلاڑی عالیہ ریاض، فاطمہ ثناء، منیبہ علی، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، صدف شمس، سدرہ امین اور طوبی حسن کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ بائیں ہاتھ کی تیز بولر تسمیہ رباب واحد کھلاڑی ہیں جو ان کیپڈ ہیں۔
بائیں ہاتھ کی اسپنر سعدیہ اقبال کی ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی۔
پاکستانی سکواڈ
فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل،
صدف شمس، سعدیہ اقبال (فٹنس سے مشروط)، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن۔
ٹریولنگ ریزرو میں نجیہہ علوی بطور وکٹ کیپر اور نان ٹریولنگ ریزرو میں رامین شمیم اور ام ہانی شامل ہیں۔