آزاد کشمیر کے ضلع راولاکوٹ میں مسافر کوسٹر کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 25 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق کوسٹر راولپنڈی سے پلندری جا رہی تھی کہ آزاد پتن کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی، کوسٹر میں سوار 25 افراد حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
کمشنر راولاکوٹ سردار وحید خان کے مطابق مرنے والوں میں 8 کا تعلق آزاد کشمیر جبکہ دیگر کا پنجاب سے ہے۔ حادثے کا شکار گاڑی راولپنڈی سے پلندری جارہی تھی کہ ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری، لاشوں کونکال کر کہوٹہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے پولیس اور ریکسیو حکام کو حادثے کے مقام تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ مقامی افراد نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت میتوں اور زخمی کو بس سے نکال کر اسپتال پہنچانے میں مدد کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہارافسوس کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کیں، وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
قبل ازیں ایران سے پاکستان آنے والی زائرین کی بس مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب بریک فیل ہونے سے کھائی میں جاگری، اس افسوسناک حادثے میں 10 افراد جاں بحق اور 32 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔