وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رحیم یار خان کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لاپتہ پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرانے کیلئے آپریشن کا حکم دے دیا ۔
یاد رہے کہ جمعرات کو صادق آباد میں کچے کے علاقے ماچھکہ میں انتہائی افسوسناک سانحہ پیش آیا جہاں ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس کی دو گاڑیوں پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 11 اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق 2 پولیس موبائلوں میں 15 سے زائد پولیس اہلکار سوار تھے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے بیان میں سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔
مریم نواز نے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کی ۔
ان کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقے میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔