پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی مرکزی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات کو ہر حال میں اسلام آباد جلسہ ہوگا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے تحریک انصاف کو 22 اگست کے جلسے کیلئے دیا گیا این او سی مسنوخ کر دیا جس کے بعد پولیس جلسے کے مقام پر پہنچ گئی ہے ۔
این او سی منسوخ کرنے کا فیصلہ چیف کمشنر کی زیر صدارت انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ۔
سماء سے خصوصی گفتگو کے دوران انتظامیہ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ کل جلسہ ہر حال میں ہوگا ۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ جلسے کے اجازت نامے کی تنسیخ حکومت کا فاشسٹ اقدام ہے ، ہم نہیں مانتے ۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز میں نے اور بیرسٹر گوہر نے چیف کمشنر اسلام آباد سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ جلسے میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے جبکہ اس ملاقات میں چیف کمشنر اسلام آباد کو خدشات سے بھی آگاہ کیا تھا ۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف کمشنر نے ان سے کہا کہ وہ جلسہ منسوخ کرنے کیلئے کسی کا دباؤ قبول نہیں کریں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ جلسہ ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے کسی کو بھی چھیننے نہیں دیں گے، جلسہ پر امن ہوگا اور جگہ کا تعین ہم خود کریں گے ۔