وطن پر اپنی جان قربان کر کے مثال قائم کرنے والے پائلٹ آفیسر نشان حیدر شہید راشد منہاس کا آج 53 واں یوم شہادت منایا جارہا ہے، پاک فضائیہ کے اس نوجوان نے ملکی دفاع کی ایسی داستان رقم کی جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قائدین نے اپنے پیغامات میں کہا قومی ہیروکوغیرمعمولی بہادری پرخراج عقیدت پیش کرتے ہیں، یہ غیرمعمولی بہادری مسلح افواج کے جذبے کا مظہراوربے لوث لگن کا ثبوت ہے۔ پائلٹ آفیسرراشد منہاس پاکستانی تاریخ میں ایک روشن مثال کے طور پر کھڑے ہیں۔
راشد منہاس نے 20 اگست 1971 کو پاکستانی جنگی جہاز بھارت لے جانے کا منصوبہ ناکام بنا کر جام شہادت نوش کیا تھا۔ آج کےدن 1971 میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے لازوال قربانی دی تھی، یہ قربانی آئندہ نسلوں کوان کی مثالی ہمت اوروفاداری کی تقلیدکی ترغیب دے گی، مسلح افواج پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہیدکو سلام پیش کرتی ہیں۔
راشد منہاس کی اس عظیم قربانی پر انہیں پاکستان کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر عطا کیا گیا اور ان کی یہ قربانی آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں جوش و جذبے کی ایک مثال بنی ہوئی ہے۔