وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب اور اسلام آباد کے بجلی صارفین کو 14 روپے فی یونٹ ریلیف دینے کے لیے بجلی کمپنیوں کو خطوط بھجوا دیے گئے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے سیکریٹری توانائی نے اسلام آباد ، لاہور ، گوجرانولہ ، فیصل آباد اور ملتان کی ڈسکوز کو خطوط ارسال کئے۔
خطوط میں کہا گیا کہ 14 روپے فی یونٹ کمی کے حکومتی پیکج سے آگاہ کیا جائے۔
ریلیف پیکج کے تحت آئیسکو ، میپکو ، گیپکو ، فیسکو اور لیسکو 201 سے500 یونٹ کے صارفین کے بل کم کریں گی۔
بجلی کی اصل لاگت اور ریلیف کے درمیان رقم پنجاب حکومت ادا کرے گی اور بجلی کمپنیوں کیجانب سے تقاضے پر حکومت مطلوبہ رقم ڈسکوزکو منتقل کرے گی۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم نوازشریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کا اعلان کیا تھا۔
پنجاب اور اسلام آباد کے عوام کو ریلیف کیلئے پنجاب حکومت 45 ارب فراہم کرے گی جبکہ ریلیف پیکج کے تحت اگست اور ستمبر کے 201 سے 500 یونٹ کے صارفین کو ریلیف ملے گا۔