بنگلہ دیش کے اوپنر محمود الحسن انجری کے باعث پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے۔
کرک بز کی ایک رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کو پاکستان کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل ایک دھچکا لگا ہے اور ان کے اوپنر محمود الحسن کمر کی انجری کے باعث باہر ہو گئے ہیں۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی ) کی جانب سے ابھی تک محمود الحسن کے متبادل کا اعلان نہیں کیا گیا ۔
بی سی بی کے چیف فزیشن دیباشیش چودھری نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں محمود کے حوالے سے ایک میل موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی کمر میں چوٹ آئی ہے جس کے نتیجے میں انہیں تین ہفتوں کے لیے آرام دیا جا رہا ہے۔
محمود بنگلہ دیش اے ٹیم کا حصہ تھے اور انہوں نے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے سے قبل اسلام آباد میں پاکستان شاہینز کے خلاف میچ میں حصہ لیا اور فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہوئے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے کراچی میں کھیلا جائے گا ۔