بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد بارے اہم بیان جاری کر دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے حقوق پاکستان کو دے رکھے ہیں اور ٹورنامنٹ کے اس نویں ایڈیشن میں وہ آٹھ ٹیمیں شامل ہوں گی جنہوں نے ہندوستان میں منعقدہ 2023 ون ڈے ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جگہ بنائی۔
گروپ اے میں بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان شامل ہیں۔
بھارتی ٹیم کی پاکستان آمد بارے سوال پر جے شاہ نے کہا کہ ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے، اور وقت آنے پر بی سی سی آئی صورتحال کو حل کرے گا۔
ٹائمز آف انڈیا نے ان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک کوئی اسٹینڈ نہیں لیا گیا، تاہم جب وقت آئے گا تو ہم فیصلہ کر لیں گے۔
یاد رہے کہ بھارت نے 2008 کے ایشیا کپ کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور آخری بار پاکستان نے 2012-13 میں دو طرفہ سیریز کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا۔