پاکستان کے 77واں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کی نامور شخصیات نے اپنے پیغام کے ذریعے قوم سے اپنے جذبات و خیالات کا اظہار کیا۔
صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری کا پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر پیغام
میں پاکستان کے 78ویں یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔ ایک پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے۔ ہم پاکستان کیلئے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں ۔
موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کے اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ان وسائل کو بروئے کار لائیں۔ ہمیں قانون کی حکمرانی ، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا۔ قوم کی ہم سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور ہمیں عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
ہمیں قائد ِ اعظم کے فرمان ’’اگر ہم اس عظیم مملکت ِپاکستان کو خوش وخرم اور خوشحال بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی تمام تر توجہ لوگوں بالخصوص عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہیے” سے تحریک حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہی وقت ہے کہ ہم پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کیلئے اپنے نوجوانوں اور خواتین پر سرمایہ کاری کریں، خدمات کی فراہمی بہتر بنائیں اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کریں۔
آج ہمیں آزادی کا جشن مناتے ہوئے سات دہائیوں سے اپنی آزادی اور حق ِخود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔ آج ہم غیر قانونی طور پر بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
77واں یوم آزادی کے موقع پر وفاقی وزیر و صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کا پیغام
استحکام پاکستان پارٹی(آئی پی پی) کےصدراوروفاقی وزیر موصلات و نجکاری عبدالعلیم خان نے77 واں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان کوحقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانےکاعہدکرناہوگا، مادروطن پرجانیں قربان کرنےوالوں کوخراج عقیدت پیش کرتےہیں۔
وفاقی وزیر موصلات و نجکاری عبدالعلیم خان کا اپنے جاری کئے گئے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ آزادی عظیم نعمت ہے،اسلاف نےلاکھوں قربانیوں کےبعدحاصل کیا،یہ سرزمین بابائےقوم کی انتھک محنتوں کا ثمرہے،انفرادی اوراجتماعی مفادکی سوچ سےبحرانوں پرقابوپاسکتےہیں۔
استحکام پاکستان پارٹی(آئی پی پی) کےصدر کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ ارض پاک کی بنیادوں میں ہجرت کرنےوالوں کالہو شامل ہے،آج مادروطن پر جانیں قربان کرنےوالوں کوخراج عقیدت پیش کرنا نہ بھولیں،ہرپاکستانی پاک فوج کےشانہ بشانہ ملک دشمن عناصرکی سرکوبی کیلئےتیارہے۔
پاکستان کے 77واں یوم آزادی کے موقع پر وفاقی وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکا پیغام
کوئٹہ میں وزیر خارجہ وڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار نےجشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دل کی گہرائیوں سے یوم آزادی مبارک ہو ، پاکستان تاقیامت قائم و دائم رہے گا ، پاکستان ایک گلدستہ ہے ، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی کرے گا۔
ڈپٹی وزیراعظم نے پاکستان کے 77واں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں ، ناراضگی کے نام تشدد کی اجازت نہیں، ناراضگیوں کو چھوڑ کر پاکستان کو آگے لیکر جانے کی ضرورت ہے، اہل بلوچستان کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
77واں یوم آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا پیغام
پاکستان کے 77واں یوم آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا 77 واں یوم آزادی پوری قوم کو مبارک ہو،14اگست کا دن ہم سب کےلیے انتہائی مسرت کا دن ہے،چودہ اگست برصغیرکےمسلمانوں کےلیےایک بڑی نویدہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے چودہ اگست کی مناسب سے قوم کیلئے جاری کئے گئے پیغام میں کہا کہ ہم صوبےکےعوام کی سہولت کےلیےبڑی اسکیمیں متعارف کرارہےہیں،ہمیں پاکستانی ہونےپرفخر ہے، آئیں!دہشتگردی کےناسورکوجڑسےختم کرنےکاعہد کریں،ہم اپنےقائدین کےنقشِ قدم پرچل کراسےدنیا کی بلندیوں پرپہنچائیں گے۔
77واں یوم آزادی کے موقع پر فاروق ستار کا پیغام
رہنماء متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) فاروق ستار کا 77واں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آج اس جشن میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نظرآرہی ہے، میرے خیال میں کراچی پاکستان ہےاورپاکستان کراچی ہے،پاکستان کا کوئی علاقہ نہیں جس کےلوگ کراچی میں نہ ہوں۔
متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے رہنماء فاروق ستار اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ کراچی کو ایسا پاکستان بنائیں گےجومحمدعلی جناح کاپاکستان تھا، یہ پاکستان ہمارے بچوں اور ماوں کی قربانیوں کا صلہ تھا، آئیں عہد کریں اسے علامہ اقبال کا پاکستان بنائیں گے۔
پاکستان کے 77واں یوم آزادی کے موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا پیغام
نوشہرہ میں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ نے جشن آزادی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے جشن آزادی کی خوشی میں پٹرول سستا کردیا ہے، پاکستان ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے، 9مئی والوں نے خیبرپختونخوا کو لہو لہان کردیا ہے،مملکتِ خداد پاکستان کی حفاظت اللہ تعالیٰ کررہاہے۔
وفاقی وزیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ تم بگاڑتے رہو ہم سنوارتے رہیں گے، تم 9 مئی والے ہو، ہم 28 مئی والے ہیں،پاکستان مسلم لیگ ن اس ملک کی محافظ ہے،4سال تک اس ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا جاتارہا ہے،آج جن جوانوں کی لاشیں ہم اٹھا رہے ہیں ان کا لہو کس کے ہاتھ پر تلاش کریں،دہشتگردوں کے ساتھ معاہدے کس نے کیے، کون انہیں بارڈر پار سے لایا؟