وفاقی حکومت کی جانب سے 126 ممالک کیلئے ویزا فیس ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بتایا کہ آج رات 12 بجے پاکستان کی نئی ویزا پالیسی شروع کی جا رہی ہے جس کے تحت پاکستان آمد پر 126 ممالک کیلئے ویزا فیس ختم کی جارہی ہے، سادہ فارم پُر کرنے پر 3 ماہ کا ویزا موبائل فون پر ہی مل جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کے لوگوں کو پاکستان آمد پر ہی ویزا مل جائے گا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہرطرف سے اچھی خبریں آرہی ہیں، پاکستان کا اولمپکس میں اعزاز بہت بڑی خوش قسمتی ہے،غیر روایتی انداز میں ارشد ندیم کو ویلکم کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں یوم آزادی کی بھرپور تیاریاں ہو رہی ہیں، بہت بڑے بڑے ایونٹس اور جشن ہونے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ارشد ندیم 14 اگست کی پرچم کشائی کریں گے، ارشد ندیم کی کہانی لاکھوں نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے اور ان کی زندگی پر فلم بننی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کل ایک منفرد کام کرنے جا رہی ہے، وزارت اطلاعات پاکستان کا پہلا ڈرون شو ہوگا اور اسلام آباد کے ایف 9 میں 500 ڈرون آسمان پر نظر آئیں گے۔