الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں دوبارہ گنتی کے کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مختلف حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواستوں کو ریکارڈ کے مطابق فیصلہ کرکے منظور کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلوں کو متاثرہ فریقین نے لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور عدالت عالیہ نے ای سی پی فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا جس پر سپریم کورٹ نے اپیلیں منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا ہے ۔
ای سی پی کے مطابق سپریم کورٹ نے این اے 79 ،81 اور این اے 154 سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلوں کو آئین اور قانون کے مطابق قراردیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کا اختیار حاصل ہے۔