پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے رہنما قمر زمان کائرہ کا لیفٹیننٹ جنرل ( ر ) فیض حمید کو فوجی تحویل میں لئے جانے کے معاملے پر ردعمل سامنے آگیا۔
سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کو فوجی تحویل میں لیتے ہوئے فیلڈ کورٹ مارشل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے پاکستان آرمی کی جانب سے ٹاپ سٹی کیس میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف کی جانے والی شکایات کی درستگی جانچنے کے لیے ایک تفصیلی انکوائری کی گئی، انکوائری کے نتیجے میں ان کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت مناسب تادیبی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے ۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں حکومت اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو پابند کیا تھا ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیں ۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ فیض حمید کے خلاف ریٹائرمنٹ کے بعد آرمی ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فوج نے اپنے سینئر بندے کا کورٹ مارشل شروع کیا ہے تو کوئی سخت جرم ہوگا۔