پاک فوج کے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) پشاور میں شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 9 اگست کو ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں تین مختلف مقامات پر سیکورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق باغ کے ایک مقام پر لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے مقابلہ کیا اور چار خوارج کو ہلاک کیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔ انہیں سی ایم ایچ پشاور میں منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی جہاں وہ آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
24 سالہ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک ڈسٹرکٹ اٹک کے رہائشی تھے۔ لیفٹیننٹ عزیر محمود شہید کی عمر 24سال8ماہ تھی۔ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں، لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید نے 3 سال 7 ماہ تک وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر افسران اور جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔