لاہور ہائیکورٹ نے رہنما تحریک انصاف عالیہ حمزہ کو کسی بھی نئے مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں عالیہ حمزہ کی مزید مقدمات میں گرفتاری روکنے کی سماعت ہوئی، جسٹس علی باقر نجفی نے عالیہ حمزہ کے شوہر کی درخواست پر سماعت کی، ہائیکورٹ نےعالیہ حمزہ کو29 اگست تک گرفتاری سے روک دیا۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ عالیہ حمزہ کوکسی بھِی نئے مقدمے میں گرفتارنہ کیاجائے۔ عدالت نے درخواست گزار کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی جبکہ پولیس کو حکم دیا کہ عالیہ حمزہ کوہائیکورٹ کی اجازت کے بغیر گرفتارنہ کیاجائے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پراٹارنی جنرل سے رپورٹ طلب کرلیا۔
عالیہ حمزہ کے شوہر حمزہ جمیل نے درخواست دائر کررکھی ہے اور موقف اختیار کیا کہ عالیہ حمزہ پر سیاسی مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔ ایک مقدمے میں ضمانت کے بعد دوسرے مقدمے میں نامزد کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ 31 جولائی کو گوجرانوالہ کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور کرلی ہے، عالیہ حمزہ کو 9 مئی کے واقعات کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، اس سے قبل بھی عدالت سے ان کی ضمانت منظور ہوتی رہی ہے تاہم پولیس کی جانب سے انھیں کسی نئے مقدمے میں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔