بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد ملک چھوڑ کر بھارت جا چکی ہیں جہاں سے ان کے لندن جانے کے امکانا ت ہیں تاہم موجودہ صورتحال میں ان کے بیٹے نے بیان جاری کرتے ہوئے موقف پیش کر دیاہے ۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے خصوصی انٹریو میں حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد نے کہا کہ والدہ اپنی سیاسی واپسی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں ،اور اپنی سخت محنت کے بعد بہت مایوس ہیں کہ ایک اقلیت ان کے خلاف کھڑی ہوئی۔
سجیب واجد نے کہا کہ ان کی والدہ گذشتہ روز سے استعفے پر غور کر رہی تھیں اور انھوں نے خاندان کے اصرار پر اپنے تحفظ کے لیے ملک چھوڑا ہے۔
اپنی والدہ کے دور کا دفاع کرتے ہوئے شیخ حسینہ کے صاحبزادے نے کہا کہ ’انھوں نے بنگلہ دیش کی تقدیر بدل دی، جب انھوں نے اقتدار سنبھالا تو یہ ریاست ناکامی سے دوچار تھی، یہ غریب ملک تھا، آج اسے ایشیا کا رائزنگ ٹائیگر سمجھا جاتا ہے، وہ بہت مایوس ہیں۔‘
مظاہرین کے خلاف کریک ڈاون کے سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آپ نے دیکھا کہ گذشتہ روز 13 پولیس اہلکاروں پر تشدد کر کے انھیں ہلاک کر دیا گیا، آپ کا کیا خیال ہے کہ پولیس کو کیا کرنا چاہیے جب مشتعل مظاہرین انھیں مار رہے ہوں؟‘