نیو گوادر انٹر نیشنل ایئرپورٹ 14 اگست سے آپریشنل کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز گوادر ایئرپورٹ پر بطور پہلی پرواز لینڈ کرے گی، ایئرپورٹ کی سافٹ لانچنگ ممکنہ طور پروزیر اعظم شہباز شریف کریں گے۔
خیال رہے کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے عالمی معیار کے مطابق بنائے گئے ہیں، گوادر ایئرپورٹ کی تیاریاں میں 54ارب 98کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔
گوادر ایئرپورٹ مسافت کو کم کرے گا اور سفر کو محفوظ اور تیز بنائے گا اور اس سے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ گوادر ایئرپورٹ کا فعال ہونا دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو گوادر کی طرف راغب کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ گوادر شہر سے 26 کلومیٹرکے فاصلے پر بنا ہے۔ 4 ہزار 300 ایکڑ رقبے پر محیط اس ایئرپورٹ کے رن وے کی لمبائی 2 ہزار میٹر رکھی گئی۔ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار طیارے ایئربس اے 380 بھی لینڈ اور ٹیک آف کر سکیں گے۔