وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ شہدائے پولیس قوم کا فخر ہیں، پوری قوم شہید پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔
یوم شہدائے پولیس پر شہید افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بہادر پولیس افسران اور اہلکاروں کی جرات اور بہادری کو یاد کرنے کا دن ہے، جرائم کی سرکوبی کرتےہوئےاپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں لازوال ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، پولیس اہلکاروں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا، شہید افسران اور اہلکاروں کے خاندانوں کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے کوئی کوتاہی نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت شہداء کے بچوں کی تعلیم و صحت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، شہداء کےخاندانوں کا ہرطرح سے خیال رکھا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب شہدائے پولیس کے خاندانوں کے لئے ایک بڑا اور تاریخی پیکج دیا تھا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جارہا ہے اور بہادری کی داستانیں رقم کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام پولیس شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، یوم شہدائےپولیس بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، پولیس شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔
محسن نقوی قیام امن کےلیےتمام صوبوں کی پولیس کی مثالی خدمات کو سراہتے ہیں، پولیس شہدا کی لازوال قربانیاں ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا، یوم شہدائے پولیس پر شہداء کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ہم ہر لمحہ پولیس شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔