سری لنکا کرکٹ ٹیم کے مزید 2 فاسٹ باؤلرز بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں ۔
بھارت اور سری لنکا کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز جمعہ سے ہوگا ، سیریز کے آغاز سے قبل لنکن ٹیم کو دھچکا لگا ہے اور دو اہم فاسٹ باؤلرز متھیشا پاتھیرانا اور دلشان مدوشنکا ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق متھیشا پاتھیرانا کندھے کی انجری اور دلشان مدوشنکا ہیمسٹرنگ کا شکار ہوئے ہیں جس کے باعث وہ بھارت کے خلاف ون ڈے میچز نہیں کھیل سکیں گے۔
اس سے قبل دشمنتھا چمیرا اور نووان تھشارا ٹی 20 سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔
انتظامیہ کی جانب سے دائیں ہاتھ کے سیمر محمد شیراز اور ایشان ملنگا کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جس کی تصدیق ٹیم منیجر مہندا ہالانگوڈا نے کی۔
یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل کھیلی گئی ٹی 20 سیریز میں سری لنکا کو 0-3 سے شکست دی ہے۔