وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ 5 اگست کو یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منائیں گے۔
منگل کو حریت قیادت کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منائیں گے، آزاد کشمیر حکومت اور تمام حکومتی مشینری یوم سیاہ منائے گی۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مہاجرین کے مسائل اور آبادکاری کیلئے آزاد کشمیر حکومت بھرپور تعاون کرے گی، مہاجرین کیلئے 750 گھروں کی تیاری کا کام جلد مکمل ہو جائے گا۔
چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ بھارت کے حالیہ انتخابات میں ہندو توا کا فلسفہ ردی کی ٹوکری میں پھینکا گیا ، مقبوضہ کشمیر کے عوام نے تمام فسطائیت ہتھکنڈوں کو بے نقاب کر دیا ہے ، ہندوستان جانب سے مقبوضہ کشمیر کے اندر انتخابات کے ڈرامے کو عوام نے فلاپ کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مودی کو چیلنج دیتا ہوں کہ بتاؤ کہ کیا تم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو تین روپے یونٹ دے سکتے ہو ، ہم نے آزاد کشمیر میں ٹیکس فری بجٹ پیش کیا ، مہاجرین کے لئے ممکنہ حکومتی وسائل بروئے کار لائیں گے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے متعلق کوئی معذرت خوانہ رویہ نہیں رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی سفراء آزاد کشمیر کا دورہ کرتے ہیں، ہم ایک ہی بات کرتے ہیں کہ دونوں اطراف انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں۔
اس موقع پر کنوینئر کل جماعتی حرکت کانفرنس غلام صفی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ساتھ مہاجرین کے مسائل پر بات چیت ہوئی ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور مہاجرین کے مسائل پر چارٹر آف ڈیمانڈ بھی وزیر اعظم کے سامنے رکھا گیا ۔