پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کی قیادت نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ پر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔
لاہور پریس کلب میں رہنما پیپلزپارٹی فیصل میر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے صدر آصف زرداری کی سالگرہ کو یوم پریذیڈنٹ کے طور پرمنانے کافیصلہ کیا اور انتظامیہ سے آزادی چوک میں تقریب کی اجازت مانگی مگر انتظامیہ کی جانب سے تقریب کیلئے اجازت نہ ملی ۔
پی پی رہنما نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پروٹوکول کے مطابق وزیراعلیٰ ائیرپورٹ پر صدر مملکت کااستقبال کرتا ہے لیکن مریم نواز نے صدر مملکت آصف علی زرداری کا ائیرپورٹ پراستقبال نہیں کیا ۔
فیصل میر کا کہنا تھا کہ میاں شہبازشریف کی کراچی آمد پر بلاول بھٹو خود ان کا استقبال کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا آزادی چوک میں اس سلسلے میں آتش بازی، کیک کاٹنے اور موسیقی کی اجازت نہ ملنے کے باوجود یہ تمام تقریبات آزادی چوک میں ہی ہوں گی ، لاہور کے جیالے آزادی چوک میں آتش بازی ، لاؤڈ اسپیکر اور موسیقی کا استعمال کریں گے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے بعد آتش بازی اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمات درج کروا کرگرفتاریاں دیں گے۔