وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں کم کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے، ہم ملک کو جلد اچھی خبر دیں گے اور پاورسیکٹر کو جنجال سے نکالیں گے۔
اپنے حالیہ بیان میں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز معاہدوں کا جائزہ لے رہے ہیں، آئی پی پیز اور حکومت کے بہت سے پلانٹس پوری کپیسٹی پر نہیں چل رہے، ملک کے پلانٹس سے 3ارب یونٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے جبکہ اس وقت ایک ارب 8 کروڑ یا 10 کروڑ یونٹ استعمال ہو رہے ہیں۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ جولائی اور اگست میں بجلی کی طلب زیادہ ہوتی ہے، کئی پلانٹس زیرو پر بھی چل رہے ہیں، بجلی کی قیمت میں کمی کے لیے آئی پی پیز سے بات کرنی چاہیے، کپیسٹی پیمنٹس کم کرنے کی سخت ضرورت ہے، آئی پی پیز کے معاملے پر ذمہ داری سے کام کر رہے ہیں۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ ہمارے فرنس آئل کے پلانٹس پر سالانہ 81 ارب روپے خرچ ہوتے ہیں ، فرنس آئل پلانٹس سے پوری پیداوار کی صرف 2 فیصد پیداوار ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پلانٹس استعمال کریں یا نہ کریں ، اس کی ادائیگی کرتے ہیں، حکومت کے پاس 4 آر ایل این جی، نیلم جہلم ا ور ہائیڈرل پلانٹس ہیں، قرضے لےکر یہ پلانٹس وائر گئے ہیں۔