بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان نے لاہور میں درج 9 مئی کے 12 مقدمات میں لاہور پولیس کے ساتھ تعاون کرنے سے انکار کر دیا۔
پیر کو لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم 9 مئی کے مقدمات میں تفتیش کے لئے راولپنڈی میں اڈیالہ جیل پہنچی لیکن بانی پی ٹی آئی ٹیم کے سامنے پیش نہ ہوئے ۔
بانی پی ٹی آئی کو شامل تفتیش ہونے کیلئے متعدد پیغامات بھجوائے گئے لیکن وہ وکلا کی موجودگی میں شامل تفتیش ہونے پر بضد رہے ۔
تفتیشی افسران نے بانی پی ٹی آئی کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانا تھا ۔
بعدازاں، تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل سے تفتیش کیے بغیر ہی واپس لاہور روانہ ہوگئی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی 9 مئی کے لاہور میں درج 12 مقدمات میں دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر ہیں اور ریمانڈ کی منظوری انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے دی تھی۔