سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع دیر میں پاک، افغان سرحد پر دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دیر میں پاک، افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگروں کی پاک افغان سرحد پر نقل و حرکت 21 اور 22 جولائی کی رات کو ہوئی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان افغان حکومت سے سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر منیجمنٹ یقینی بنانے کا کہہ چکا ہے اور توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
امید ہے پاکستان کیخلاف دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال سے بھی انکار کرے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔