خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ گورنرعہدہ سنبھالنے کےبعدخیبر پختونخوامیں بن بلائےمہمان بن چکے ہیں، فارغ بیٹھاگورنرمیڈیاکی توجہ کیلئے نفرت انگیزبیان دےرہےہیں۔
سماجی رابطے کی ایپ ایکس پر خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ فارغ بیٹھے گورنر کی یاداشت بھی بہت کمزور ہے،صوبےمیں لاقانونیت اس وقت تھی جب وفاق اوریہاں آپکی پارٹی کی حکومت تھی۔
بیرسٹرسیف علی کاکہنا تھا کہ آپکےدور میں پشاور ٹوڈی آئی خان سفر کرنا ممکن نہیں تھا،گورنروہ دن بھول گئےجب خودڈی آئی خان سے پشاور کاسفربراستہ اسلام آباد کرتے تھے، گورنرعہدہ سنبھالنےکےبعدخیبر پختونخوامیں بن بلائےمہمان بن چکے ہیں، گورنر بغیر دعوت تقریبات میں شرکت سے پہلےعہدےکا کچھ لحاظ تو رکھیں۔
خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ گورنرکےپاس کام نہیں اس لئےالٹے سیدھے بیانات سے کام ڈھونڈ رہے ہیں، گورنر 3بارعلی امین گنڈاپورسمیت تینوں بھائیوں سےشکست خوردہ شخص ہے،فیصل کریم کوکےپی میں ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے کیلئے گورنر کا عہدہ دیاہے۔
علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے،وزیر اعلی ٰگورنرکی فضول باتوں پر کان نہیں دھرتے۔
محمد علی سیف نے بنوں کی تازہ صورت حال پر تفصیلات جاری کرتے ہوئے عوام کو تاکید کی وہ انتشار کی سیاست کرنے والوں سے باخبر رہیں،وزیراعلیٰ صورت حال کو مسلسل مانیٹر کررہے ہیں،بنوں انتظامیہ اور سماجی عمائدین پر مشتمل کمیٹی دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ بنوں میں مذاکرات کا عمل شروع ہوتے ہی امن بحال ہوا ہے،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر قائم کمیشن بہت جلد واقعے کے حوالے سےانکوائری رپورٹ جمع کرے گا عوام شدت پسندی کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ سے تعاون کریں۔