وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے 11 برس بعد ملک میں نیشنل ڈرگ سروے کرانے کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کمیٹی برائے نیشنل ڈرگ سروے کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سروے میں ملک بھر میں منشیات استعمال کرنے والے افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈرگ سروے کو ہرصورت جامع اور مستند ہونا چاہیے۔ سروے کے درست ڈیٹا کی اصل اہمیت ہے اور اسی کا فائدہ ہوگا۔ گھروں، تعلیمی اداروں، کچی آبادیوں اور دیگر جگہوں سے بھی ڈیٹا لینے کی ہدایت کردی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ مستند اور جامع سروسے سے ہی انسداد منشیات کی فیصلہ سازی ممکن ہوگی۔ انسداد منشیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا کیونکہ یہ قوم کے مستقبل کا معاملہ ہے۔
وزیر داخلہ نے 15 دن میں سروے سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اے این ایف اور ادارہ شماریات مل کر سروے کا طریقہ کار وضع کریں۔
مطلوبہ ڈیٹا کی نوعیت، نمونے کی شکل اور ٹائم لائن بھی تیار کی جائے اور تعاون کے لیے بین الاقوامی ترقیاتی اداروں سے بھی رابطہ کیا جائے۔ ملک میں آخری نیشنل ڈرگ سروے دوہزار تیرہ میں ہوا تھا۔