بنوں چھاؤنی میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے 8 جوانوں کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کی نماز جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں، شہدا کے لواحقین اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ 15 جولائی کو بنوں کنٹونمنٹ پر دہشتگردوں کے خود کش حملے میں شہید ہونے واالوں میں نائب صوبیدار محمد شہزاد ، حوالدار شہزاد احمد اور حوالدار ظل ِحسین شامل تھے۔
سپاہی ارسلان اسلم ، سپاہی اشفاق حسین ،سپاہی سبحان مجید ، سپاہی امتیاز خان اور فرنٹئیر کانسٹبلری کے لانس نائیک سبز علی بھی شہادت کے مرتبے پر فائز ہو گئے تھے۔ تمام شہدا کو اپنے اپنے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ شہدا کی عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔