وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ واقعہ کربلا حق ، سچ کی سرفرازی اور سربلندی کی عظیم ترین داستان ہے۔ امام حسینؓ کا فلسفہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
یوم عاشور پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ نے حق کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔ اور ظلم کے سامنے ڈٹ جانے کا ابدی درس دیا ہے۔ امام حسینؓ نے باطل کے سامنے سر نہ جھکا کر دین اسلام کو زندہ رکھا۔
محسن نقوی نے کہا کہ آج کا دن ہمیں صبر و برداشت اور حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ امام حسین ؓ کی زندگی پیغام دیتی ہے کہ راہ حق میں آنے والی تمام آزمائشوں کو برداشت کرنا چاہیے ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یزیدی قوتیں آج نئے روپ میں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں۔ ہم سب نے امام حسین کی درخشاں تعلیمات پر عمل کرکے ان قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں اسوہ حسینؓ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔