پشاور ہائیکورٹ نے ملک میں عام انتخابات آئینی مدت میں کرانے کے حوالے سے دائر کی گئی درخواست پر ابتدائی دلائل سننے کے بعد تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ شہری نے عام انتخابات کے بروقت انعقاد کے لئے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
عدالت عالیہ کے جسٹس عبدالشکور کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے شہری کی درخواست پر سماعت کی اور ابتدائی دلائل سننے کے بعد تحریری حکم نامہ جاری کیا۔
ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کردہ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اس کیس میں فریق نہیں بنایا گیا تاہم، پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ( ن ) اور پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی فریق بنایا جاتا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے کیس میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں کو فریق بناتے ہوئے نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
عدالت عالیہ نے تحریری حکم نامے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سیاسی جماعتوں کے جنرل سیکرٹریز سے خط وکتابت کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ تین دن میں طلب کی ہے۔