قومی ادارہ صحت کی جانب سے آشوب چشم کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی گئی۔
قومی ادارہ صحت نے آشوب چشم کے متاثرہ مریضوں کو قرنطینہ میں رہنے اور صحتمند افراد سے رابطے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق متاثرہ مریض فوٹو فوبیا کی علامات کم کرنے کے لئے آنکھوں پر چشمہ لگائیں، کھانستے اور چھینکتے ہوئے ناک اور منہ کو ٹشو سے ڈھانپ کر رکھیں، ہاتھوں کو صابن اور صاف پانی سے دھوئیں اور اگر صابن اور صاف پانی دستیاب نہ ہو تو ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال کریں۔
قومی ادارہ صحت کی جانب سے آشوب چشم میں مبتلا بچوں کو گھر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ آشوب چشم جسے "گلابی آنکھ" بھی کہا جاتا ہے ایک انتہائی متعدی انفیکشن ہے جو عام طور پر ایڈینو وائرس کی وجہ سے ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ وائرس کی علامات میں آنکھوں میں جلن، خارش ، فوٹو فوبیا اور آنکھوں سے پانی کا اخراج شامل ہیں۔