ورلڈ چیمپین آف لیجنڈز لیگ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان چیمپئنز نے ویسٹ انڈیز کو 20رنز سے شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کر لی ۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 178رنز بناے میں کامیاب ہوئی۔ ایشلے نرس 36 رنز بنا کر سرفہرست رہے جبکہ ریاد ایمریت 29 ، ڈوین سمتھ 26 ، کرس گیل 22 اور والٹن 19 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
پاکستان کی جانب سے سہیل خان نے شاندار باولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی جبکہ وہاب ریاض اور شعیب ملک نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں ۔
ویسٹ انڈیز نے ٹا س جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ، پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے جس میں یونس خان 65 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے ۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتداء میں ہی تین وکٹیں جلد گر گئیں ۔ پھر کامران اکمل اور کپتان یونس خان نے اچھی پارٹنر شپ قائم کی لیکن کامران اکمل جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے آوٹ ہو گئے۔
اس کے بعد شاہد آفریدی اور مصباح الحق جلد ہی آوٹ ہوئے۔اس کے بعد کپتان یونس خان 46گیندوں پر 65سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔
ڈیتھ اوورز میں عامر یامین اور سہیل تنویر کی پارٹنر شپ نے جارحانہ بلے بازی کی ، سہیل تنویر 17گیندوں پر 33رننز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ عامر یامین 18گیندوں پر 40رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے۔