استحکام پاکستان پارٹی کا دہشت گردی کےخلاف ہونے والے آپریشن عزم استحکام کی بھرپور حمایت کا فیصلہ کرلیا۔ آئی پی پی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی نے آپریشن عزم استحکام کے حق میں پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔
پنجاب اسمبلی میں قرارداد رکن اسمبلی اور آئی پی پی پنجاب کے جنرل سیکرٹری شعیب صدیقی نے جمع کرائی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ معیشت کی مضبوطی، خوشحالی اور سرمایہ کاری کے لئے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔ آئی پی پی تعلیم، صحت، روزگار اور جانی تحفظ کیلئےعزم استحکام آپریشن کے ساتھ ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق پاکستان میں پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مسلح کارروائیوں کے خلاف آپریشن وقت کی ضرورت ہے اور پنجاب اسمبلی کی رائے ہے کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے ایوان کا یہ بھی یقین ہے وطن عزیز کی حفاظت کے لئےجان نثار کرنے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور یکجان ہے۔