وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پروٹیکٹڈ بجلی صارفین کی جانب سے اووربلنگ کی شکایات کا سخت نوٹس لے لیا۔ ایف آئی اے کو زائد بلز وصول کرنے والے سرکاری افسران اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔ کہا مجرمانہ فعل کی قطعاً اجازت نہیں دی جا سکتی۔
پروٹیکٹڈ بجلی صارفین کی اوور بلنگ سے متعلق بڑھتی شکایات کے پیش نظر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ازالے کیلئے بڑا حکم جاری کر دیا، کہا ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز اووربلنگ کرنے والے افسران اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کیٹگری تبدیل ہونے سے صارفین پر کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو جان بوجھ کر نان پروٹیکٹڈ کیٹگری میں شامل کرنا مجرمانہ فعل ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
محسن نقوی کہتے ہیں پروٹیکٹڈ صارفین پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، اووربلنگ سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ ایف آئی اے تمام صورتحال کا جائزہ لے کر ذمہ داروں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لے۔ صارفین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ ضروری ہے۔